22 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں مطلوب ملزم سمیت3 افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں 2 بھتہ خور بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مبینہ ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرکے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 4 موٹرسائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی، اتحاد ٹاوٴن میں پولیس نے کارروائی کر کے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، جبکہ سائٹ ایریا میں پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا، زیرحراست ملزمان میں سے 2 بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں، دوسری جانب پولیس نے تھانہ بوٹ بیسن کی حدود میں واقع کلفٹن بلاک 4 میں رہائشی فلیٹ سے مطلوب ملزم غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔ اے ایس پی کلفٹن عبادت نثار نے بتایا کہ ملزم غلام رسول شرافی گوٹھ میں منشیات کے اڈے چلاتا تھا، حالیہ دنوں میں پولیس کی گرفتاری کے خوف سے کلفٹن بلاک 4 کے فلیٹ میں روپوش تھا، ملزم کے خلاف شہر کے 5 تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔