22 ستمبر ، 2013
کراچی …عوامی رہنماوٴں کی کاکردگی ان کی مقبولیت کا گراف کم اور زیادہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔موجودہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے سو دن مکمل کرچکے ہیں۔اس مدت میں انہوں نے کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کا اندازہ حالیہ سروے سے لگایا جاسکتا ہے۔جو جیو نیو، جنگ اخبار اور دی نیوز نے گیلپ پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں کرایا تھا۔سروے میں 53 فیصد افراد وزیر اعظم نواز شریف کی کارکردگی سے مطمئن اور خوش تھے جبکہ 40 فیصد افراد ان سے خوش نہیں تھے۔اگر ان کا مقابلہ سابق وزیر اعظم یعنی یوسف رضا گیلانی کی سو دن کی کارکردگی سے کیا جائے،توسابق وزیر اعظم کے سو دن مکمل ہونے کے بعد ان سے صرف 25 فیصد افراد خوش تھے جبکہ 54فیصد افراد خوش نہیں تھے۔سابق وزیر اعظم کی پوری مدت پر اگر نظر ڈالی جائے تو ان سے مطمئن ہونے والوں کی شرح کبھی بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکی اور اپریل 2009 واحد وقت تھا جبکہ 45 فیصد افراد ان سے خوش تھے۔اسی طرح اپریل 2010 میں 31 فیصد افراد خوش تھے جبکہ اپریل 2011 میں ان سے مطمئن اور خوش ہونے والوں کی شرح صرف 13فیصد رہ گئی تھی۔