23 ستمبر ، 2013
کراچی … پشاور میں دہشتگردی کے ہولناک واقعے میں معصوم جانوں کے زیاں پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، نوشہرہ، حیدرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، احتجاج کے باعث موٹر وے سمیت کئی اہم شاہراہوں پر مختلف مقامات پر ٹریفک شدید متاثر ہے۔ پشاور میں گرجا گھر کے باہر خودکش حملوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مسیحی برادری کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، قلندریہ چوک کے قریب مظاہرین کی جانب سے توڑ پھوڑ پر پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ لاہور میں بھی ملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج کے قریب مسیحی برادری نے احتجاج کیا جس کے باعث ملتان روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔حیدرآباد میں سانحہ پشاور کے خلاف لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مشتعل مظاہرین نے پتھراوٴ کیا اور ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردی۔ مظاہرین نے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو کیفرکردار تک پہچانے کا مطالبہ کیا۔ جام شورہ اور ٹنڈو محمد خان میں سانحہ کے خلاف مسیحی برادری نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فیصل آباد میں عیسائی برادری نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی ۔ بہاولپور میں گلزار صادق کے قریب مسیحی برادری نے احتجاج کرتے ہوئے سینٹ ڈومینک چرچ کے سامنے دھرنا دیا ۔ ساہیوال میں اسکولوں کے طلبا اور طالبات نے عیسیٰ نگری سے فرید چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ وہاڑی، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد میں بھی مسیحی برادری نے احتجاج کیا۔ سبی میں بھی مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرے کئے، پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ نوشہرہ میں چرچ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے نوشہرہ بائی پاس روڈ بلاک کر کے سانحہ پشاور کے خلاف احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں بھی پشاور دھماکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے پنڈی روڈ بلاک کردیا جس کے باعث اسلام آباد اور لاہور جانے والے راستوں پر ٹریفک معطل ہوگئی، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ دہشت گردی اور بے گناہوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ منڈی بہاء الدین کے کرسچن کالونی چوک پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔