23 ستمبر ، 2013
کراچی…پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید یونس نے انکشاف کیا کہ قومی ایئر لائن کوقرضوں کی مد میں ماہانہ ایک ارب روپے سود دینا پڑتا ہے لیکن اب اتنے وسائل پیدا کرلیے ہیں کہ آئندہ سال حکومت سے پیسے لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے 26طیارے آپریشنل ہیں ، رواں سال کے آخر تک29نہیں تو 28 طیارے پروازوں کے قابل ہوجائیں گے ،اُن کا کہنا تھا کہ اگر چالیس طیارے آجائیں تو قومی ایئرلائن اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔ ایم ڈی پی ائی اے جنید یونس نے یہ انکشاف بھی کیاکہ پی آئی اے کو قرضوں کی مد میں ماہانہ ایک ارب روپے سے زیادہ سود ادا کرنا پڑتا ہے۔ پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ میرٹ کے خلاف تقرریاں ،جعلی بھرتیاں اور غیر نفع بخش غیرملکی اسٹیشنز ایئرلائن کے خسارے کی اہم وجہ ہیں ،لیکن اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پراِقدامات کررہے ہیں۔