23 جون ، 2025
تیل کمپنیز نے یومیہ فروخت سے زائد پیٹرول دینے پر پابندی لگا دی۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس کو طلب سےکم تیل سپلائی ہو رہا ہے، پمپس جوسپلائی مانگ رہے ہیں اس سے 50 فیصد تک کم تیل مل رہا ہے، کم تیل اسٹاکس والے کئی پمپس پر قلت ہے لیکن بیشتر پر سپلائی معمول پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیز یکم تا 15 جون کی یومیہ سیل سے زائد تیل نہیں دے رہیں۔
پی ایس او ذرائع نے بتایاکہ پی ایس او نے اپنی اوسط یومیہ فروخت سے زیادہ تیل نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور تیل سپلائی معمول پر رکھنےکیلیے حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔
پی ایس او ذرائع کا کہنا تھا کہ 7 کروڑ لیٹرز کے ساتھ جہاز آج فجیرا سے کراچی پورٹ کیلیے روانہ ہوگا۔
یاد رہےکہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد گزشتہ روز ایران کی پارلیمنٹ نے آبنائے ہُرمز بند کرنےکی منظوری دی تھی تاہم اس اقدام کا حتمی فیصلہ ملک کے اعلیٰ ترین سیکیورٹی ادارے کی منظوری سے مشروط ہے۔
آبنائے ہرمز سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور ایران سے یومیہ تقریباً 21 ملین بیرل تیل دیگر ممالک کو پہنچایا جاتا ہے، ان ملکوں میں پاکستان، چین، جاپان، جنوبی کوری ، یورپ، شمالی امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک شامل ہیں۔