20 جنوری ، 2012
لا ہور … لا ہور کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے45 سالہ محنت کش کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ پولیس زخمی کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ڈیفنس لاہور کے رہائشی عرفان بٹ کے مطابق انہوں نے اپنے گھر میں وہاڑی سے آئے ہوئے ایک محنت کش اکرم کو سرونٹ کوارٹر رہنے کے لیے دے رکھا ہے۔ محمد اکرم محنت مزدوری کر کے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔ جمعرات کے روز نامعلوم افراد موٹرسائیکل سوار وں نے گھر کے دروازہ پر دستک دی اور اکرم کے دروازہ کھولنے پر اس کے چہرے پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے۔اکرم کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب ڈیفنس بی پولیس نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے تاحال کاروائی نہیں کی اورنہ ہی زخمی سے اسپتال میں کسی اہلکار نے بیان قلمبند کیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنزغلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیا اور تھانہ ڈیفنس بی میں اکرم کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔