پاکستان
25 ستمبر ، 2013

بلوچستان میں زلزلہ، 55افراد ہلاک، 100سے زائد زخمی

بلوچستان میں زلزلہ، 55افراد ہلاک، 100سے زائد زخمی

آواران…بلوچستان میں آنے والے زلزلے نے ضلع آواران اور کیچ میں تباہی مچادی۔ درجنوں کچے مکانات گرنے سے 55 افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ صوبائی حکومت نے ضلع آواران میں ایمر جنسی نافذ کر دی۔بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے شام چار بج کر 29 منٹ پر محسوس کئے گئے، جن کا دورانیہ ایک سے ڈیڑھ منٹ تک تھا۔ سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے کامرکز بلوچستان کے علاقے دالبندین کے قریب زمین میں 23 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے درجنوں مکانات گرگئے۔ لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلے نے ضلع آواران میں زیادہ تباہی مچائی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرشید نے آواران میں 46 افراد کے جاں بحق اور70 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع کیچ کے مطابق ڈانڈر میں آٹھ افراد اور تربت شہر میں ایک بچی جاں بحق ہوئی۔ آواران میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بلوچستان حکومت نے ضلع آواران میں فوری ایمر جنسی نافذ کردی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج اور ایف سی کی مدد حاصل کرلی گئی ہے جنہوں نے علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ زلزلے کے جھٹکے کوئٹہ ، حب، خضدار، قلات، سبی ، مستو نگ ، جعفر آباد ، گوادر،تربت، پنجگور، خاران، جھل مگسی،نوشکی اور ملحقہ علا قوں میں بھی محسوس کئے گئے تاہم وہاں کسی جانی و مالی نقصانات کی اطلاع نہیں ملی۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ آیا لیکن یہاں دورانیہ کم رہا۔ نئی دہلی ، احمد آباد ، ایران ، متحدہ عرب امارات کے کچھ علاقوں اور مسقط میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

مزید خبریں :