29 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد پولیس نے افغان کچی بستیوں میں گرینڈ سرچ آپریشن کر کے 140 مشتبہ افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔آپریشن کے دوران پولیس نے اسلحہ،جعلی نمبر پلیٹیں اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں۔ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں 10 تھانوں کی پولیس ،خواتین پولیس اور ایلیٹ فورس کے 400 سے زائد جوانوں نے آئی الیون فور کی کچی بستیوں میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں پولیس نے 140 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے میں بند کر دیا جن میں سے 10 جرائم پیشہ نکلے۔ سرچ آپریشن کے د وران پولیس نے ایک سب مشین گن،دو پستول،گولیاں،7 موٹر سائیکلیں،جعلی نمبر پلیٹیں اور گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس بھی قبضے میں لے لئے۔ زیر حراست افراد کی تصاویر ،انگوٹھوں کے نشانات اور فون نمبرز لے کر ان کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا ،اس طرح کے آپریشنز دیگر علاقوں میں بھی کئے جائیں گے۔