01 اکتوبر ، 2013
اسلام آباد… بجلی کے صارفین کے لیے ایک بری خبر ہے، ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی کر دی گئی، 200 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے فی یونٹ مزید 5 روپے 89 پیسے جرمانہ بھریں گے اور یوں حکومت سالانہ 73 ارب روپے کمائے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بجلی یونٹس کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنٰی ہوں گے۔ 201 سے 300 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں 5 روپے 89 پیسہ فی یونٹ اضافہ کیا گیا ،جس سے قیمت 8 روپے 11 پیسے سے بڑھ کر 14 روپے فی یونٹ ہو گئی۔301 سے 700 یونٹ تک صارفین کے لیے بجلی تین روپے 67 پیسہ فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔ اب اس کی قیمت 12 روپے 33 پیسہ سے بڑھا کر 16 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے۔700 یونٹ سے زائد بجلی 2 روپے 93 پیسہ فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔ قیمت 15 روپے 7 پیسہ سے بڑھ کر 18 روپے فی یونٹ ہو گئی۔ٹائم آف یوز میٹر کے صارفین کے لیے پیک آور میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے اورقیمت 13 روپے 99 پیسے سے بڑھا کر 18 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے، آف پیک آورز میں بجلی کی قیمت 4 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے سے قیمت 8 روپے 22 پیسے سے بڑھ کر 12 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہو گئی۔پشاور الیکڑک سپلائی کمپنی کے سوا ملک بھر میں یکم اکتوبر سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گا۔