02 اکتوبر ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق پاور پالیسی کی تحریک انصاف،پیپلزپارٹی اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ نے بھی منظوری دی ، اب بھی 150 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، سرکاری اداروں میں ڈاوٴن سائزنگ نہیں، رائٹ سائزنگ کی جائے گی۔پارلیمنٹ ہاوٴس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اداروں پر بوجھ ڈالنے کے باعث اقتصادی بحران پیدا ہوا، سرکاری اداروں میں ڈاوٴن سائزنگ نہیں رائٹ سائزنگ کی جائے گی، دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علماء کی طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوششیں قابل قدر ہیں ، طالبان علماء کے شاگرد ہیں، انہیں اپنے اساتذہ کی بات سن کر سنجیدگی سے عمل کرنا چاہیے،حکومت طالبان کو مذاکرات کی پہلے ہی پیشکش کرچکی ہے۔ پرویز رشید نے طالبان شوریٰ کے مطالبات سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریزکیا اور کہا کہ مذاکرات کی حکمت عملی پر وفاقی وزیر داخلہ ہی بات کریں گے۔