03 اکتوبر ، 2013
ایبٹ آباد…ایبٹ آباد میں مبینہ دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایس پی، ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ مرکزی ملزم فرارجبکہ 8مشتبہ افرادکوحراست میں لے لیاگیا۔پولیس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مانگل کے علاقے میں واقع دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا۔پولیس کودیکھ کردہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایس پی فیصل بختیار، ڈی ایس پی حافظ جانَس، سب انسپکٹر عبدالقیوم،کانسٹیبل شاہد اور حساس ادارے کے دو اہلکار شامل ہیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ اور ایوب میڈیکل اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔ فائرنگ کے دوران مرکزی ملزم فرارہوگیا جبکہ 8مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیاگیا۔ اس سے پہلے یکم اکتوبر کو مانگل اور دھمتوڑ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار جبکہ تین خودکش جیکٹس سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا تھا۔ ڈی آئی جی ہزارہ اختر حیات گنڈاپور نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ گرفتار ملزمان 2012ء میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پر راکٹ حملوں اور مانسہرہ میں بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھے۔