04 اکتوبر ، 2013
کہوٹہ…وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھی جائے گی، وزیراعظم نے آج کہوٹہ ایٹمی پلانٹ کا دورہ کیا جہاں ان کی آرمی چیف جنرل کیانی سے ملاقات بھی ہوئی وزیراعظم نے کہوٹہ میں ایٹمی پلانٹ اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا ، اس موقع پر انہیں جوہری پروگرام کی نگرانی کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ڈی جی نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول نے بتایا کہ دفاعی نظام کی مضبوطی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جدید نظام کی مدد سے دفاعی تنصیبات اور اثاثوں کی نگرانی براہ راست ہوتی ہے، وزیراعظم نے دفاعی اثاثوں کی فول پروف سیکیورٹی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی اثاثے مکمل محفوظ ہیں ، پاکستان کسی کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں ، ہم پر امن ایٹمی ملک ہے اور خطے میں امن چاہتے ہیں ، کہوٹہ کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کی آرمی چیف جنرل کیانی سے ملاقات ہوئی جس میں طالبان سے مذاکرات کی حکمت عملی اور ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس سے پہلے وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں سے بھی ملاقات کی ، جوآیندہ ہفتے فوج سے ریٹائر ہورہے ہیں ، دوسری جانب آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق نیوی کمانڈ اینڈ کنٹرول کے جدید اور محفوظ ترین نیٹ ورک سینٹر نے کام شروع کردیا ہے ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں نے حال ہی میں تعمیر کیے گئے سنٹرکا افتتاح رواں ہفتے میں کیا ۔ افتتاحی تقریب میں نیول چیف ایڈمرل آصف سندیلہ اور ایس پی ڈی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) خالد قدوائی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔