21 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو منتخب کرنے اور گھر بھیجنے کا طریقہ آئین میں درج ہے، اس لئے کوئی غیرآئینی فیصلہ قبول کرنے کے بجائے پارلیمنٹ کے فیصلے کو ترجیح دیں گے۔ وہ اسلام آبادمیں ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی ایک ریلی سے خطاب کررہی تھیں۔ یہ ریلی 661 ملازمین کو مستقل کرنے کی خوشی میں نکالی گئی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے حکومت کو غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام پر ریڈیو ٹیکس کے نفاذ کا الزام لگانا درست نہیں کیونکہ اس کا نفاذ ٹیلی کام کمپنیوں نے پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے ملازمین کو جلد گھروں کا تحفہ بھی دیا جائیگا۔ اس موقع پر میڈیا کے ایک نمائندے کے سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بابر اعوان کو تنہا یا نظر انداز کرنے کا فیصلہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔