22 مارچ ، 2012
اسلام آباد… اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسامہ بن لادن کے برادر نسبتی کو اس کی بہن امل سے ملنے کی اجازت دے دی ہے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس ریاض احمد خان نے اسامہ بن لادن کے برادرنسبتی زکریا السادہ کی درخواست کی سماعت کی۔عدالت نے اسامہ کی بیوہ کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر آئی ایس آئی ، وزارت دفاع اور وزارت داخلہ سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اسامہ کی بیوہ کو اس کی مرضی کا وکیل کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔جسٹس ریاض احمد خان نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ اگر عدالتی حکم کے باوجود اسامہ کے برادرنسبتی زکریا کو اس کی بہن کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو توہین عدالت کی درخواست دائر کی جاسکے گی۔ اسامہ بن لادن کے برادرنسبتی زکریا السادہ نے سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہ وہ عدالتی حکم پر بہت خوش ہیں ، وہ ایک طویل عرصہ کے بعد اپنی بہن اوراس کے بچوں سے ملاقات کر سکیں گے۔