22 مارچ ، 2012
اسلام آباد وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 7رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے جہاں وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن دلائل دے رہے ہیں۔ اپنے دلائل میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میرے دلائل کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، میری پارٹی کو ججز اور بینچ پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 10کے تحت جن ججز نے توہین عدالت کیس شروع کیا ہو، وہ ججز نا اہل قرار نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اعتزاز احسن کا استدلال تھا کہ جس بنچ نے توہین عدالت کا نوٹس اور ٹرائل سے پہلے رائے دی وہ سماعت کا اہل نہیں۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ 7 ججز نے وزیر اعظم پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ دیا اور 8 نے اسے برقرار رکھا، اب اس کیس کی سماعت کے لیے اور کیا فورم رہ جائے گا۔