پاکستان
19 اکتوبر ، 2013

ارشد پپو قتل کیس، 6 ملزموں پر فردِ جرم 30 اکتوبر کو عائد ہوگی

ارشد پپو قتل کیس، 6 ملزموں پر فردِ جرم 30 اکتوبر کو عائد ہوگی

کراچی…انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ارشد پپو قتل کیس میں ایم این اے شاہجہاں بلوچ سمیت چھ ملزمان پر 30 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ ایڈووکیٹ نعمت علی رندھاوا کے قتل میں گرفتار ملزم کاظم عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 26 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔انسداددہشت گردی کی عدالت میں ارشد پپو سمیت تہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں رُکن قومی اسمبلی شاجہاں بلوچ، زبیربلوچ، انسپکٹر یوسف بلوچ، انسپکٹر جاوید بلوچ سمیت چھ ملزمان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو گواہوں کے بیانات کی نقول فراہم کرنے کے علاوہ آئندہ سماعت پرتہرے قتل کی ویڈیو سی ڈی بھی طلب کرلی ہے۔ آئندہ سماعت میں ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے عزیربلوچ، بابا لاڈلا اور تاج محمد عرف تاجو سمیت دیگر ملزمان کواشتہاری قرار دے دیاہے۔جیونیوزکے شہیدرپورٹرولی خان بابر قتل کیس میں معاونت فراہم کرنے والے ایڈووکیٹ نعمت علی رندھاوا کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کاظم عباس کو عدالت میں پیش کیاگیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا ملزم شارع نور جہاں کے علاقے میں مطیع اللہ اور محمد عباس نامی شہریوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔جس پر عدالت نے ملزم کو تین افرادکے قتل اورناجائز اسلحہ رکھنے کے کیس میں سات روز کے جسمانی ریمانڈ پر 26اکتوبر تک پولیس کے حوالے کردیا۔ایس ایچ او عرفان حیدر اور اے ایس آئی شہباز بھٹی کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم اظہر محمود عرف اظہر لمبا کوبھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے درخواست پر ملزم کا طبی معائنہ کراکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 30اکتوبر تک ملزم کوجسمانی ریمانڈ پرپولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ 100 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار شجاعت ہاشمی کے جسمانی ریمانڈ میں عدالت نے 2 نومبر تک توسیع کردی۔ گلشن اقبال مدینہ مسجد میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں ملزم کا ریمانڈ دیا گیا۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل پولیس کے نہیں رینجرز کے پاس ہے۔ جس پر عدالت نے ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :