23 مارچ ، 2012
ٹنڈوالہ یار …عوامی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی موجود ہ حکومت اپنے اتحادیوں سے مفاہمت کے بجائے منافقت کررہی ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوگی تو ہم پورے ملک میں جشن منائیں گے۔عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے ٹنڈوالہ یار پریس کلب میں صحافیوں اور عوامی جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی خارجہ اور داخلہ پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، پاکستان اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے ، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجود ہ حکومت اپنے اتحادیوں سے مفاہمت کے بجائے منافقت کررہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ صدر کی حکمرانی میں منصفانہ انتخابات کی توقع ناممکن ہے اگر ایسا ہوا تو عوامی اتحاد پارٹی الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کرئے گی۔لیاقت جتوئی کا کہناتھا کہ صدر اور وزیر اعظم نے کھاد درآمد کرنے کی مد میں تین سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت کے خاتمے پر عوامی اتحاد تحریک پورے ملک میں جشن منائے گی۔