23 مارچ ، 2012
کراچی…کراچی کے علاقے لیاری میں لی مارکیٹ چوک رات سے میدان جنگ بنا ہواہے جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، مظاہرین کی جانب سے پتھراوٴ اور پیٹرول بم پھینکے جارہے ہیں جبکہ پولیس ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔ کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں نیا آباد،دریا آباد،لی مارکیٹ چوک،آٹھ چوک اوراطراف کے علاقوں میں پولیس کی گینگ وار اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج اور جلاوٴ گھیراوٴکیا۔اس دوران سب سے متاثر ہونے والا علاقہ لی مارکیٹ چوک رہا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر پیٹرول بموں سے بھی حملے کئے، جبکہ پولیس کی جانب سے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ بھی کی جارہی ہے۔کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی پولیس مظاہرین پر قابو نہیں پاسکی کشیدہ صورتحال کے باعث علاقے کی دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ علاقہ مکینوں کی شدید مشکلات کا سامنا ہیجبکہ پولیس نے جلاوٴ گھیراوٴ کے الزام میں بارہ سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔