پاکستان
23 مارچ ، 2012

سندھ اور خیبر پختونخوا میں 3 بڑی ٹرانسمیشن لائنیں دھماکوں سے تباہ

سندھ اور خیبر پختونخوا میں 3 بڑی ٹرانسمیشن لائنیں دھماکوں سے تباہ

لاہور … سندھ اور خیبر پختونخوا میں پیپکو کی 3 بڑی ٹرانسمیشن لائنیں دھماکوں سے اڑادیں، پیپکو ترجمان نے واقعے کی تصدیق کردی، بجلی کی فراہمی متوازی متبادل لائن پر منتقل کردی گئی۔ پیپکو ترجمان کرنل (ر) سجاد رانا کے مطابق شرپسندوں نے سندھ اور خیبر پختونخوا میں پیکو کی 3 بڑی ٹرانسمیشن لائنیں دھماکوں سے اڑادیں جس کے باعث لاڑکانہ روڈ گڈو، دادو میں 500 کے وی کے 6 ٹاورز تبادہ ہوگئے۔ ترجمان پیپکو کے مطابق ٹاورز کی تباہی کے باعث بجلی کی فراہمی متوازی متبادل لائن پر منتقل کردی گئی ہے۔ کرنل (ر) سجاد رانا نے کہا ہے کہ شرپسندوں نے حب این کے آئی اور جامشورو کے ٹاور نمبر 472اور 473 بھی دھماکوں سے تباہ کردیئے ہیں، دھماکوں کے باوجود ٹاور مکمل طورپر تباہ نہیں ہوئے، تاہم جھک گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حب این کے آئی ٹاورز کو نقصان پہنچنے سے جامشورو، حب اور کراچی کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں بھی شرپسندوں نے 500 کے وی کے 2 ٹاورز دھماکے سے تباہ کر دیئے، مردان میں شیخ محمدی میں دھماکوں سے ٹاور نمبر 145 اور ٹاور نمبر 146 مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق دھماکوں سے متاثرہ علاقوں کو متبادل لائنوں سے بجلی فراہم کی جارہی ہے لیکن وولٹیج کم ہوگیا ہے، بجلی کا سسٹم اوور لوڈ ہوگیا ہے، جلد بحال کردیا جائے گا ۔

مزید خبریں :