30 اکتوبر ، 2013
شارجہ…شارجہ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 184رنز کا ہدف دیا ہے، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 49.5اوورز میں 183رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے۔اس سے قبل پروٹیز قائد ابراہم ڈی ویلیئرز نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، تاہم پہلے ہی اوور میں اوپنر انگریم کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے،جس کے بعد ڈومینی20 اور سینئر بیٹسمین اور ٹیسٹ کپتان گریم اسمتھ20 نے کسی حد تک اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا ،لیکن پاکستان کے جادو گر اسپنر سعید اجمل اور شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پروٹیز کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور یکے بعد دیگرے افریقی بیٹسمین پویلین لوٹتے رہے، اس موقع پر ڈیوڈ ملر 37اور آل راؤنڈر وین پارنیل 56نے اپنی ٹیم کے مجموعے کو خاطر خواہ حد تک پہنچانے میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے چیمپئن اسپنر سعید اجمل 4،شاہد آفریدی 3،سہیل تنویر دو جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔آج سعید اجمل نے ون ڈے کیریئر میں ایک اہم سنگ میل بھی عبور کیا اور اپنی 150وکٹیں مکمل کرلیں، اس طرح 150یا اسے سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے وہ گیارہویں پاکستانی بالر بن گئے ہیں۔