20 جنوری ، 2012
رملہ…جنگ نیوز…تھائی لینڈ نے باضابطہ طورپر آزاد فلسطینی ریاست کا وجود تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ فلسطین نے بنکاک کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے اہم پیش رفت اور کامیابی قرار دیا ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطینی وفد کو تھائی حکومت کی جانب سے ایک باضابطہ خط موصول ہوا ہے جس میں فلسطینی ریاست کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم نیویارک میں اقوام متحدہ کے تمام مستقل اور مبصر مشنز کو باضابطہ طور پر اپنے اس اقدام سے آگاہ کردینا چاہتے ہیں ۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تھائی حکومت فلسطینی ریاست کے وجود کو 1967ء کی جنگ سے قبل کی لائنز کے مطابق تسلیم کرتی ہے ۔ دریں اثناء فلسطینی اتھارٹی کے قائم مقام وزیر خارجہ ریاض الملیکی نے تھائی لینڈ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال تھائی لینڈ وہ پہلا جنوب مشریق ایشیائی ملک ہے جس نے فلسطینی ریاست کے آزاد وجود کو تسلیم کیا ہے اور یہ ہمارے لئے سفارتی سطح پر نئی بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ وہ 131واں ملک ہے جس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی اپنے بیان میں کیا ہے کہ ہم تھائی حکومت کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے لئے سرکاری طریقہ کار شروع ہوچکا ہے ۔