20 جنوری ، 2012
لندن …پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز نے پھر کہا ہے کہ انہیں پاکستانی حکام سے روزانہ دھمکیاں مل رہی ہیں، تاہم دورہ پاکستان کیلیے امریکا نے حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے اور اگر انکے ساتھ کچھگڑ بڑ ہوا تو امریکی محکمہ خارجہ کا تعاون حاصل ہوگا۔ جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے میمو گیٹ اسکینڈل کے حوالے سے شہرت حاصل کرنے والے منصور اعجاز نے بتایا کہ وہ میمو معاملے کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے شواہد پیش کریں گے لیکن ابھی یہ نہیں بتا سکتے کہ وہ پاکستان کب روانہ ہورہے ہیں۔ منصور اعجاز کا کہنا ہے کہ انہوں نے سابق سفیر کو پیش کش کی تھی کہ اگرحسین حقانی جھوٹ بولنا بند کردیں تو وہ سچ بولنا بند کردیں گے لیکن انہوں نے عمل نہیں کیا، منصوراعجاز کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے اور وہ ہائی پروفائل امریکی شہری ہیں، یقین ہے کہ ان کے ساتھ اگر کچھ غلط ہوا تو امریکی حکومت راست اقدام کرے گی۔