کاروبار
20 جنوری ، 2012

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا شوگر ملوں سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا شوگر ملوں سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد … اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شوگر ملوں سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹریکٹر پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 16 سے کم کرکے 5 فیصدکردی گئی ہے۔ اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ شوگر ملوں سے 3 لاکھ 78 ہزار ٹن چینی خریدنے کے فیصلے میں مزید ایک لاکھ ٹن کی توسیع کی جائے اور 4 لاکھ 78 ہزار ٹن چینی خریدی جائے۔ پہلے مرحلے میں شوگر ملوں کو 3لاکھ78 ہزار ٹن چینی کی قیمت جنوری کے آخر تک ادا کردی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریکٹر پر سیلز ٹیکس 16 سے کم کرکے 5 فیصد کیا جائے اور پھر آئندہ 3 سال میں تین مرحلوں میں اسے واپس 16 فی صد پر لایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران کم پریشر والی گیس کی پرائسنگ پالیسی بھی منظور کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اسے نکالنے والی کمپنیوں کے لئے مراعات قانون کے مطابق ہوں گی۔ اجلاس میں ترکمانستان۔ افغانستان۔ پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن کے لئے گیس سیل پرچیز معاہدے پر ذیلی کمیٹی قائم کی گئی۔ اس کمیٹی میں وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین، وزیر پانی و بجلی نوید قمر، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق اور سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود شامل ہوں گے۔

مزید خبریں :