25 مارچ ، 2012
واشنگٹن. . .. امریکی اخبار کے مطابق امریکی فوج نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث اہل کاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی اخبار لہ رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد دوسری انکوائری رپورٹ بھی مکمل کرلی ہے، جس میں تمام اہل کاروں کے بری الذمہ قراردے دیا گیا ہے اور ذمہ داری ایک مرتبہ پھر پاکستانی فوجیوں پر عائد کی گئی ہے۔ امریکی فوجی افسران کا کہنا ہے کہ دوسری انکوائری رپورٹ کے مطابق امریکی فوجیوں نے حملہ اپنے دفاع میں کیا اورتحقیقات میں کسی امریکی اہل کار کی جانب سے مجرمانہ غفلت کرنے کا ثبوت نہیں ملا، اس لیے کسی حاضر سروس اہل کار کے خلاف انضباطی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ اخبارکے مطابق نومبر2011 میں ہونے والے حملے کے بعد امریکی فوج کی جانب سے دسمبرمیں ایک تحقیقات رپورٹ بنائی گئی تھی جس کو پاکستانی فوج نے حقائق سے منافی قراردیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔ جس کے بعد امریکی فوجی نے واقعے کی دوسری مرتبہ تحقیقات کی جو حال ہی میں مکمل ہوئی ہے۔اخبارکے مطابق امریکی صدر بارک اوباما اور وزیراعظم گیلانی کے درمیان جنوبی کوریار میں متوقع ملاقات میں صدر اوباما سلالہ چیک پوسٹ واقعے پر افسوس کا اظہار کرسکتے ہیں، تاہم وہ معافی نہیں مانگے گے۔ امریکی انتظامیہ کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے وقت اگر اوباما پاکستان سے معافی مانگتے ہیں تو ان کے حریف اس بات کا بھرپور فائدہ اٹھائینگے۔