15 نومبر ، 2013
کراچی … یوم عاشور پرملک بھر کی فضا سوگوار ہے، علم ،تعزیہ ،ذوالجناح اور تابوت کے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عزادارنوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں۔ جلوس کے راستوں میں سبیلیں لگائی گئی ہیں اور نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ،جو ایم اے جناح روڈ ،صدر اوربولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔ جلوسوں کے اختتام پر نماز مغرب کے بعد شام غریباں کی مجالس برپا ہوں گی۔لاہور مین یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو کربلا گامے شاہ جاکر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سیکورٹی کے لیے تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رضا کاروں کی بڑی تعداد بھی ان کے ساتھ سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔مرکزی جلوس روٹ کی طرف آنے والے تمام راستے خاردار تار لگا کر بند کردئیے گئے۔کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار ر روڈ سے برآمد ہو گیا، شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ یوم عاشور کا علم تعزیوں اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس رحمت اللہ چوک سے برآمد ہوا، یوم عاشور کا 23دستوں پر مشتمل علم، تعزیوں اور شبیہہ ذوالجناح کا ماتمی جلو س مختلف راستوں سے ہوتا ہوا باچا خان چوک پہنچے گا، جہاں علماکرام خطاب کریں گے اورنماز جمعہ ادا کی جائے گی۔ عاشو ر ہ محرم کا جلوس اپنے روایتی راستوں لیا قت بازار، جنکشن چوک، پر نس روڈ اور میکانگی روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔ملتان میں یوم عاشور پر آج علم ، تعزیہ ، اور ذوالجناح کے سو سے زائد ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہین جن میں سے 21 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ملتان میں یوم عاشورکے ماتمی جلوس ، صبح اذان علی اکبر کے بعد مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہونا شروع ہو گئے ۔3 ہزار سے زائد پولیس اہلکارور رضا کار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ فیصل آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بھی یوم عاشور کے ماتمی جلوس برآمد ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔