16 نومبر ، 2013
کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے لیاری میں علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے گینگ وار کے دوگروپوں میں لڑائی کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو کمسن بہنوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق لیاری کے علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے گینگ وار کے عزیر جان بلوچ اور نور محمد عرف بابا لاڈلا کے گروپ آپس میں لڑ رہے ہیں۔ لیاری کے علاقے کلری، احمد شاہ بخاری روڈ، عیدو لین، پھول پتی لین، رانگی واڑہ، پنجگوری محلہ اور اطراف کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے نور محمد بابا لاڈلا نے کارروائیاں شروع کی ہیں۔ گزشتہ رات بھر فائرنگ اور دستی بموں کے حملے جاری رہے۔ آخری اطلاعات تک بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سول اسپتال کے ذرائع کے مطابق اس علاقے میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نامعلوم شخص کی لاش اور چھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 10سالہ آمنہ یوسف، اس کی چھ سالہ بہن امینہ یوسف، حمزہ، فہیم، صابر اور 70سالہ قاسم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کھارادر میں فائرنگ سے 2پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے۔