17 نومبر ، 2013
ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ… پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکساس کی جانب سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 136 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک روزہ کانفرنس بعنوان ”محبت کی روایت اقبال اور رومی کی نظر میں“ یہاں ڈیلس کے قریب واقع شہر پلانو میں منعقد کی گئی جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستانی قونصلیٹ ہیوسٹن کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سید طارق شمیم تھے جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی کایا پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ان کی فکر اور سوچ کا ہی نتیجہ تھا کہ اُس وقت مسلمان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور اپنا ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قونصلیٹ ریاست میں پاکستانیوں کی تمام رجسٹرڈ تنظیموں کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کرتی رہے گی جبکہ اس تاثر کو ختم ہو جانا چاہئے کہ ہماری کوئی من پسند تنظیم ہے انہوں نے کہاکہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا اُس کو بھلا کر ہمیں اب کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے کاموں پر توجہ دینا ہو گی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر اور معروف شاعر ڈاکٹر عامر سلیمان نے کمیونٹی سے اظہار تشکر کیا جبکہ انہوں نے اقبال کے جاوید نامہ پر ایک مقالہ پڑھا اور اقبال اور رومی کے روحانی تعلق کو بیان کیا۔ کانفرنس سے معروف ریڈیو اینکر امین ترمذی نے علامہ اقبال کے حالاتِ زندگی پر روشنی ڈالی جبکہ تلمیز فاطمہ نے تصور وقت کے حوالے سے اقبال پر مقالہ پڑھا۔ پروفیسر حبیب نے رومی کے حوالے سے تقریر کی اور تصوف کا نظریہ پیش کیا۔ عظمہ نے اقبال اور عشق پر تقریر کی جبکہ ڈیلس کے معروف شاعر یونس اعجاز اور نادر درانی نے اقبال کا کلام اور اپنے کلام کے ذریعے اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ڈاکٹر جاوید اجمل اور عشر احمد نے ایسوسی ایشن کی جانب سے فلاح و بہبود کے پروگراموں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر رومی سرکل ڈیلس کے امریکن مسلم جانی وولف عرف سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رومی امریکہ کے اندر سب سے زیادہ پڑھا جانے والا شاعر ہے انہوں نے کہاکہ انہوں نے رومی کے کلام سے متاثر ہو کر ہی اسلام قبول کیا۔ اس موقع پر جانی وولف سلیم نے اپنی بیٹی آیحہ کے ہمراہ درویشوں کا معروف رقص بسمل بھی پیش کیا جبکہ کانفرنس کے آخر میں رومل سرکل کی شبنم خطابی اور رویتہ عبدالہیٰ نے دف اور جلترنگ کے ہمراہ مولانا روم کی شہرہ آفاق مثنوی پیش کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سید طارق شمیم نے ایسوسی ایشن کی جانب سے کمیونٹی لیڈر شپ ایوارڈ برائے 2013ء ٹیکساس کے صحافی راجہ زاہد اختر خانزادہ کو دیا۔ پروگرام کی نظامت معروف شخصیت نازیہ خان نے کی‘ کلامِ اقبال کے حوالے سے نظامت کو بہت خوش اسلوبی سے مزین کیا گیا تھا جس پر عوام نے ان کو بھرپور داد تحسین دی۔ پاکستان ایسوسی ایشن کی جانب سے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں ہونے والی اس کانفرس کو مہمانِ خصوصی پاکستانی قونصلیٹ کے سید طارق شمیم نے بے حد سراہا اور کہاکہ ایسی کانفرنس تو شاید کبھی اقبال کے شہر سیالکوٹ میں بھی منعقد نہیں ہوئی ہو گی۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس کانفرنس میں شرکتت کیلئے پاکستانی کمیونٹی نے بھی اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں کمیونٹی کے افراد اپنی فیملیوں کے ہمراہ اس پروگرام میں شریک ہوئے جبکہ ہال میں جگہ موجود نہ ہونے کے باعث کئی افراد نے کھڑے ہو کر اس پروگرام کو سنا اور رات گئے تک عوام اس پروگرام سے معلومات کا خزانہ حاصل کرتے رہے۔