17 نومبر ، 2013
کراچی… وزیر خزانہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی ہے جس کے بعد پورٹ سے ٹریلر نکلنا شروع ہو گئے ہیں،گڈز ٹرانسپورٹ سے کامیاب مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی کا نوٹی فیکیشن کل جاری ہوجائے گا۔گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے 12ویں روز صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق نے ڈار گڈزٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر ہاوٴس کراچی میں ملاقات کی ۔ گڈزٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن نے وفاق کے سامنے متعدد مطالبات رکھے ہیں جن میں سرفہرست ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس اضافے کو واپس لینا تھا،جو منظور کر لیا گیا اور نوٹیفکیشن کیلئے کل کی تاریخ طے کی گئی ۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر خالد خان کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد سے مذاکرات کے دوران دسمبر 2007 میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد شرپسندوں کی جانب سے جلائے جانے والے کنٹینرز کا ہرجانہ اور کے پی ٹی کی زمین سے قبضہ چھڑانے کے معاملات بھی زیربحث لائے گئے ، اس کے علاوہ کراچی میں سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پرپولیس کی طرف سے کنٹینرز اٹھانے کا معاملہ بھی زیر بحث آئے،گڈزٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات میں حکومتی وفد میں قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، پورٹس اینڈ پشنگ کے وزیر کامران مائیکل اور چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ سمیت کراچی پولیس چیف شاہد حیات اورکمشنر کراچی شعیب صدیقی بھی شامل تھے ۔گڈزٹرانسپورٹرزایسوسیایشن کے30رکنی وفد کی قیادت گڈز ٹرانسپورٹرزکے صدر خالدخان کررہے ہیں،ان کے علاوہ گڈزٹرانسپورٹرزکے چیئرمین غلام یٰسین اورجنرل سیکریٹری شعیب خان بھی مذاکرات میں شامل تھے ۔