17 نومبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے عوام خصوصاشیعہ اورسنی عوام سے اسلام اورپاکستان کے نام پر اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کوسمجھیں اورپرامن رہ کراورصبروبرداشت سے کام لیکرپاکستان میں فساد کی آگ بھڑکانے کی تمام سازشوں کونام بنادیں۔ انہوں نے یہ اپیل ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی، تمام تنظیمی کمیٹیوں اورحق پرست ارکان پارلیمنٹ اورشعبہ جات کے مشترکہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے سانحہ کے بعدبعض عناصرعوام میں اشتعال پیداکرنے کیلئے طرح طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں لہٰذا عوام کوچاہیے کہ وہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اورہرگزمشتعل نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ فساد کی آگ بھڑکانے والے اسلام اور ملک وقوم کے دوست نہیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام، مشائخ اوراکابرین سے اپیل کی کہ وہ قیام امن میں اپناکردار اداکریں۔ انہوں نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائیں۔ انہوں نے ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ اورذمہ داران قیام امن اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علماء ومشائخ سے ملاقاتیں کریں۔دریں اثناء جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ راولپنڈی میں یوم عاشور پر جوکچھ ہوا وہ کسی سانحہ سے کم نہیں اور میں اس سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین ، علمائے کرام اور مدارس کے طلباء سے دلی تعزیت کااظہارکرتا ہوں، متاثرہ دکانداروں سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، کسی دکاندار کی دکان کو جلاکر اس کا رزق چھیننا اور لوگوں کو ان کی حق وحلال کی کمائی کے ذرائع سے محروم کرنا ایک قبیح فعل ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔الطاف حسین نے وفاقی اورحکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں نذرآتش کی گئی دکانوں اوردیگراملاک کی تعمیر سرکاری خرچ پر کرائی جائے اور آتش زدگی میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیاجائے ۔مفتی نعیم نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بعض قوتیں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر پاکستان میں بھی عراق اور شام جیسی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہیں،انھوں نے الطاف حسین کی اس بات سے اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ،اور کوئی بھی ایسی بات نہیں کی جانے چاہیے جس سے افواہیں جنم لیں اورعوام میں اشتعال پھیلے ۔مفتی نعیم نے اس سلسلے میں ایم کیوایم کے کردارکوسراہتے ہوئے الطاف حسین سے کہاکہ سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے آپ اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی،علماء کمیٹی ،منتخب اراکین اورعہدیداران وکارکنان جس طرح رات دن کام کررہے ہیں اس پروہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔