10 جنوری ، 2012
کراچی … ملک بھر کے تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی فہرستوں کی بروقت تکمیل کیلئے 5 فروری تک مسلسل ڈیٹا انٹری آپریشن کے امور انجام دیں گے۔ یہ بات ڈپٹی چیئرمین نادرا طارق ملک نے جنرل منیجرز کی کانفرنس سے خطاب میں بتائی۔ نادرا رجسٹریشن سینٹرز 10 جنوری سے 5 فروری تک صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک ڈیٹا انٹری آپریشن کی تکمیل کیلئے نادرا مراکزہفتہ وار تعطیل کے علاوہ دیگر تعطیلات میں بھی منصوبے کی تکمیل تک مسلسل کام کریں گے، نادرا کے ڈپٹی چیئرمین نے بتایا کہ شہریوں کی رجسٹریشن، ب فارم میں بچوں کااندراج اور شناختی کارڈز کے اجراء کیلئے نادرا کی رجسٹریشن وین اور سیمی موبائل یونٹ صبح 8 بجے سے شام 7 بجے کام کریں گے اور رجسٹریشن گاڑیاں نادرا کے مراکز کے قریب ہی تعینات کی گئی ہیں۔ طارق ملک نے بتایا کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری پر کام کرنے والے ملازمین کو ایک اضافی تنخواہ بھی دی جائے گی۔