20 نومبر ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ… امریکی جریدہ ”نیشنل جرنل“ لکھتا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کو خطرناک قرار دے دیا،جریدے نے روسی خبرساں ادارے کے حوالے لکھا کہ وزیر خارجہ سمجھتے ہیں مسلح جنگوں کی مخالفانہ طویل تاریخ رکھنے والے دونوں ایشیائی ممالک نئے جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور تجربات میں مصروف ہیں ،ان ممالک کا یہ اقدام جوہری انسداد پھیلاوٴ معاہدے کے زمرے میں نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ جو ان ممالک کی تلخ تاریخ سے واقف ہے وہ اسے خطرناک امر سمجھتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ وہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان دو طرفہ براہ راست مذاکرات میں پیش رفت کے آثار دیکھتے ہیں۔مذاکرات بتدریج آگے بڑھیں گے اور ہم ہر ممکن طریقے سے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔روس نے بین الاقوامی جوہری سپلائر گروپ میں رکنیت کے لئے بھارتی مہم کی حمایت کی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کی بیرونی دنیا میں جوہری پھیلاوٴ کی مثال نہیں ملتی لیکن پاکستان کا کیس ایسا نہیں۔