25 مارچ ، 2012
لاہور … میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی سے متعلق تجاویز پر اپوزیشن سے بات چیت اور تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے، ملکی مفادات کو مد نظر رکھا کر پاکستانی عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلے کریں گے، حکومت کو چار سال مکمل ہونے پر کس چیز کی مبارکباد دوں۔ یہ بات مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، صنعت اور زراعت کو بہت نقصان ہورہا ہے، لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام احتجاج کررہے ہیں، اگلے چند دنوں میں ہم بھی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج میں شریک ہوں گے۔ میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایسا کیا کیا ہے جس کی مبارکباد دی جائے، کیا کرپشن، لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور عدلیہ سے لڑائی پر مبارکباد دوں یا بلوچستان سے شہریوں کے لاپتہ ہونے اور کراچی کے سنگین حالات پر مبارکباد دوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، 4 سال میں حکومت کی کارکردگی مایوس کن قابل افسوس ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ نیٹو سپلائی سے متعلق تجاویز پر اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کریں گے اور اس پر تمام جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی سے متعلق ملکی مفادات کو مد نظر رکھا جائے گا اور ہر فیصلہ پاکستانی عوام کی خواہشات کے مطابق کریں گے۔