26 مارچ ، 2012
اسلام آباد… اسلام آباد ہائی کورٹ میں میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس شروع ہو گیا ہے اور ابتدائی کارروائی کے دوران کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے سوال کیا ہے کہ حسین حقانی کو آج طلب کیا گیا تھا، وہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔ سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ حسین حقانی نے کمشین کے حکم کے خلاف ریلیف حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، وہ میمو کمیشن کے آخری اجلاس کے بعد لندن سے امریکا چلے گئے اور چاہتے ہیں کہ ان کا بیان بھی وڈیو لنک سے ریکارڈ کیا جائے۔ واضح رہے کہ میمو گیٹ کے مرکزی کردار منصور اعجاز کی جانب سے کشمیری رہنما یاسین ملک کے بارے میں دیئے گئے بیان کی وضاحت کیلئے وہ بھی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہیں۔