پاکستان
26 مارچ ، 2012

حسین حقانی کو خفیہ ایجنسیوں سے خطرہ ہے، زاہد بخاری

حسین حقانی کو خفیہ ایجنسیوں سے خطرہ ہے، زاہد بخاری

اسلام آباد… اسلام آباد ہائی کورٹ میں میمو کمیشن اجلاس کی کاروائی جاری ہے اور کمیشن کی صدارت جسٹس فائز عیسٰی کر رہے ہیں ۔ کارروائی کے دوران سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کمیشن کوبتایا کہ حسین حقانی کو ان ایجنسیوں سے خطرہ ہے جن کے منصور اعجاز سے روابط ہیں، وہ سیکیورٹی خطرے کے پیش نظر پاکستان آنے سے گریزاں ہیں، اس پر میمو تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ پھر تو حقانی دنیا کے کسی بھی خطے میں محفوظ نہیں، وہ پاکستانی شہری ہیں اور آئین کے پابند ہیں۔ اس سے قبل کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ حسین حقانی کو آج طلب کیا تھا ، کیوں پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے وکیل زاہد بخاری نے کمیشن کو بتایا کہ کمیشن کے حکم کے خلاف ریلیف کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ منصور اعجاز کی طرح حسین حقانی کو بھی لندن سے ویڈیو لنک کے زریعہ بنان رکارڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کمیشن کو مزید بتایا کہ ابھی صرف درخواست دائر ہوئی ہے، کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کمیشن کی کاروائی کی مدت کب ختم ہورہی ہے۔ جس پر زاہد بخاری نے جواب دیا کہ آپ سپریم کورٹ سے کمیشن کی کاروائی کی مدت مذید بڑھانے کی درخواست کر سکتے ہیں۔اس پر جسٹس فائز عیسی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمارے ہی احکامات کی خلاف ورزی ہوئی ، اور ہم ہی کمیشن کی کاروائی کی مدت بڑھانے کی درخواست کریں ؟

مزید خبریں :