20 جنوری ، 2012
پشاور…فاٹا میں 92فیصد قبائلی عوام بجلی کا بل ادا نہیں کرتے۔ اور تو اور سرکاری محکمے بھی 75کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں جبکہ وفاقی حکومت قبائلی علاقوں میں بجلی کی مد میں تین سال کے دوران ایک سو دو ارب روپے کی سبسڈی ادا کرچکی ہے۔ٹرائبل الیکڑک سپلائی کمپنی ذرائع کے مطابق فاٹا میں 92فیصد قبائلی عوام بجلی کا بل ادا نہیں کرتے۔ گھریلو صارفین کے ذمہ ٹیسکو کے سترہ ارب روپے سے زیادہ کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔تجارتی صارفین کے ذمہ دو ارب ستائیس کروڑ صنعتی صارفین کے ذمہ تین ارب جبکہ زرعی صارفین کے ذمہ دوارب 71کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔حیران کن طور پر 72سرکاری محکمے بھی ٹیسکو کے نادہندہ ہیں۔ جن کے ذمہ 75کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔قبائلی علاقوں میں واٹر اینڈ پاور ڈپارٹمنٹ کے ذمہ پندرہ کروڑ ستر لاکھ جبکہ ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کے ذمہ آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت گزشتہ تین سال کے دوران بجلی کی مد میں ایک سو دو ارب روپے سبسڈی ادا کرچکی ہے۔