28 نومبر ، 2013
کراچی…ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن کنورنوید جمیل کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام کے ذریعے شہری اور دیہی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی ہے،بلدیاتی نظام بنیادی عوامی مسائل کے حل کیلئے بنایا جاتا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر بلدیاتی نظام کے بل کو پاس کیا،کوشش کی گئی ہے کہ کراچی کی آبادی کو کم دکھا کر وسائل کم دیے جائیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیروپر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل کامزید کہنا تھا کہ کراچی ویسٹ کے 2 بڑے سب ڈویژن کو نکال کر ساوٴتھ میں شامل کیا گیا ہے،حکومت سندھ نے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو نقصان پہچانے کی کوشش کی۔ کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی ساوٴتھ کے ایک بڑے سب ڈویژن کو کورنگی میں شامل کیا گیا، کراچی اور سندھ میں تفریق بہت دور تک جائے گی،وسائل کی تقسیم، انتظامی اختیارات کیلئے ہر یونین کونسل کی آبادی مساوی ہونی چاہیے۔کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ نوابشاہ،میر پور خاص،سکھر میں ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، حیدر آباد میں بھی غیرقانونی حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شرف اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی حلقہ بندیاں ختم کی جائیں،سیاسی جماعتیں ایسا کام کریں کہ دلوں کو جوڑا جاسکے نہ کہ نفرتیں پیدا ہوں۔