26 جون ، 2025
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پیرول رہائی پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سندھ اقبال میمن کےخلاف نیب انکوائری کالعدم قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ نیب نے اقبال میمن کو ایک زیرحراست قیدی کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر انکوائری نوٹس بھیجا تھا، حالانکہ وزیراعلیٰ کو 48 گھنٹوں سے زائد مدت کی پیرول پر رہائی کی اجازت دینے کا قانونی اختیار حاصل ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیےکہ ملزم کی پیرول پر رہائی کے تمام قانونی تقاضے پورےکیے گئے اور یہ ایک انتظامی فیصلہ تھا، عدالتی حکم نہیں۔
سندھ ہائی کورٹ کے مطابق نیب پراسیکیوٹر اور سرکاری وکیل عدالت میں یہ ثابت کرنے میں ناکام رہےکہ پیرول پر رہائی میں کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے۔
عدالت نے مزید کہاکہ جب تک ملزم پر جرم ثابت نہ ہو، اسے خاندان کے اہم مواقع میں شرکت سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔