29 نومبر ، 2013
شکارپور…جیونیوز کے رپورٹر ولی بابر کے قتل کیس میں ملوث پانچ ملزمان کراچی سے ڈسٹرکٹ جیل شکار پور منتقل کردیئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث مقدمے کی سماعت ڈسٹرکٹ جیل ہی میں کل صبح 9 بجے ہوگی۔جیونیوز کے رپورٹر ولی بابر کے قتل کیس میں ملوث 5 ملزموں کیخلاف مقدمہ سندھ حکومت کی درخواست پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کندھ کوٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ تاہم ملزمان کی کندھ کوٹ منتقلی میں تاخیر کے باعث سماعت تین مرتبہ ملتوی ہوچکی ہے۔ پولیس کیمطابق ملزمان نوید پولکا، شاہ رخ مانی، فیصل محمود نفسیاتی، سید محمد علی رضوی اور محمد شکیل کو جمعے کی صبح کراچی سے ڈسٹرکٹ جیل شکارپور منتقل کردیا گیا۔ پانچوں ملزموں کے خلاف مقدمے کی سماعت کل انسداد دہشت گردی کی عدالت کندھ کوٹ میں ہونا تھی تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث اب سماعت ڈسٹرکٹ جیل شکار پور میں ہی ہوگی۔ انسداد دہشت گردی کندھ کوٹ کی عدالت کے جج مشتاق احمد لغاری کے سامنے سرکاری وکلاء اور ملزمان کے وکیل اپنے دلائل پیش کریں گے۔