30 نومبر ، 2013
کراچی…ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بھتہ خور اور دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سلطان خواجہ نے یہ بات پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھاکہ گرفتار ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ملزمان پیپلزپارٹی اور اے این پی کے کارکنان سمیت دیگر افراد کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھاکہ گرفتار بھتہ خور ڈاکٹروں اور تاجروں کو کورئیر کے ذریعے بھتے کی پرچیاں بھیجتا تھا جبکہ ملزم کے دو ساتھی فرار ہیں۔گرفتار بھتہ خور کے قبضے سے لفافے اور ڈاکٹروں کے پتے ملے ہیں جن میں گولیاں اور بھتے کی پرچیاں موجود تھی۔ ڈی آئی جی سلطان خواجہ کا کہنا تھاکہ ٹارگٹ کلر کاشف نفیس اور کامران لنگڑا کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔