05 دسمبر ، 2013
ڈھاکا…بنگلہ دیش کے سابق صدر حسین محمد ارشاد نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کے گھر کے گھیراؤ کے بعد خود کشی کی دھمکی دیدی، بنگلہ دیش کے سابق صدر اور حکمران جماعت کے اہم اتحادی محمد ارشاد نے گزشتہ روز بنگلہ دیش میں 5 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور اپنی سیاسی جماعت جاتیا پارٹی کے عہدیداروں کوعبوری حکومت سے دستبردار ہونے کا بھی حکم دیاتھا۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت انتخابات کیلئے مناسب ماحول فراہم نہیں کرسکی، جب تک تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔حسین محمد ارشاد کے اعلان کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انکے گھر کا محاصرہ کر لیاہے۔ مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ہر گز انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور اگر حکومت نے کوئی چال چلی تومیں خود کو قتل کرلوں گا۔