پاکستان
05 دسمبر ، 2013

نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر کے اعلیٰ افسران مستعفی

نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر کے اعلیٰ افسران مستعفی

اسلام آباد…نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ افسران کے اچانک مستعفی ہوجانے پر انتظامی بحران کا شکار ہوگئی ہے، تاہم ائیرلائن انتظامیہ کا موٴقف ہے کہ فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شاہین ائیر کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر طارق امین کے ساتھ مارکیٹنگ، ٹریفک اور آپریشنز سمیت دیگر شعبوں کے تقریباً 50سینئر افسران بھی مستعفی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق جدہ، دمام، ریاض اور مشہد کے منیجرز بھی استعفیٰ دینے والوں میں شامل ہیں۔ مستعفی ڈی ایم ڈی طارق امین کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتظامی مسائل اوربعض اختلافات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔ دوسری جانب شاہین ایئر کے وائس چیئرمین ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر پانچ ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے جبکہ مستعفی ہونے والے دیگر ملازمین کے استعفے موصول نہیں ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ برطرف اور مستعفی ملازمین کی وجہ سے ایئرلائن کا آپریشن متاثر نہیں ہوا۔

مزید خبریں :