05 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی نہیں جانے دیں گے، اگر خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو اسلام آباد میں وفاقی حکومت بھی گر جائے گی۔تحریک انصاف نے ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف خیبر پختونخوا ہاوٴس اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہاوٴس تک احتجاجی ریلی نکالی ،پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کو پٹیشن بھی پیش کی۔ عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کہتی تھیں ڈرون حملہ ہوا تو نیٹوسپلائی بند کریں گے،اب وہ کہاں ہیں ؟ریلی میں عمران خان،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، صوبائی کابینہ ،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے کارکن شامل تھے۔ شیخ رشید اور جمشید دستی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت نہیں گرنے دیں گے۔عمران خان نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ وہ امریکا سے لڑائی نہیں چاہتے بلکہ ظالمانہ امریکی پالیسیز کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے نیٹو سپلائی لائن کی بندش جاری رکھنے کا اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسلام آباد میں وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو جگانے آئے ہیں، ڈرون حملے رکنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ریلی کے شرکا ء نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جبکہ عمران خان،پرویز خٹک اور دیگر رہ نماوٴں نے اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیر داخلہ کو یادداشت پیش کی۔ اس یادداشت میں وفاقی حکومت سے ڈرون حملے روکنے اور نیٹو سپلائی لائن بند کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔