06 دسمبر ، 2013
کوئٹہ …بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کل ہوگا۔صوبے کے عوام مقامی نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔اضلاع میں متعلقہ سامان پولنگ اسٹیشنوں میں پہنچادیاگیا۔بلوچستان کے تمام 32اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل ہورہے ہیں۔جس کیلیے انتخابی سامان کی ترسیل کاکام بھی مکمل ہوگیاہے۔ضلع ہرنائیمیں انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران بیضابطگیوں پر مختلف سیاسی جماعتوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کیا۔ جس کی وجہ سے انتخابی عملے کو مقررہ پولنگ اسٹیشنوں پرروانگی کے لیے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔انتخابی عملے کومکمل تربیت دینے کے بعد پولنگ اسٹیشنوں میں بھیجاگیاہے۔صوبے کے دور دراز علاقوں میں پولنگ عملے اور سامان کو سخت سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنوں میں پہنچایا گیا۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلدیاتی امیدوار ان کے بنیادی مسائل حل کرنے میں اپنا کرداراداکریں گے۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ شفاف اور پْرامن بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گیے ہیں۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر 11 اہل کار ، کم حساس پر 9 اور دیگر پولنگ اسٹیشنوں پر پانچ اہل کار تعینات کردیے گئے۔ بلدیاتی انتخابات کے دن عام تعطیل ہے جبکہ 10دسمبرتک صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش ،اسلحہ ساتھ لے کر چلنے ، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور کالے شیشے والی گاڑیوں پر پابندی عائدرہیگی۔