24 جون ، 2025
بھارت میں ایک سنگدل باپ نے میڈیکل کے فرضی ٹیسٹ میں کم نمبر آنے پربیٹی کو ڈنڈے مار کر قتل کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے گاؤں نیلکرنجی میں پیش آیا جہاں 45 سالہ باپ دھوندی رام بھوسلے اپنی بیٹی سادھنا کے کم نمبر آنے پر ناخوش تھا۔
پولیس نے بتایا دھوندی رام پیشے کے اعتبار سے ایک اسکول ٹیچر ہے اور اس کی بیٹی سادھنا 12 ویں جماعت کی طالبہ تھی جب کہ میٹرک کے امتحان میں اس کے 92.60 نمبرآئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی میڈیکل کا امتحان دینے کی تیاری کررہی تھی لیکن میڈیکل کے امتحان سے قبل فرضی ٹیسٹ میں سادھنا کے کم نمبر آئے جس کی والد کو امید نہ تھی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ باپ نے آٹا بنانے کے لیے استعمال ہونے والی پتھر کی چکی کے لکڑی کے ہینڈل سے بیوی کے سامنے بیٹی پر تشدد کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سادھنا کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بدقسمتی سے وہ دوران علاج دم توڑ گئی جس کے بعد والدہ کی شکایت پر باپ کو گرفتار کرلیا گیا۔