24 جون ، 2025
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یہودیوں کے مقدس ترین مقام دیوار گریہ پر خصوصی دعائیں کیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کے لیے دعائیں کیں اور یہودی مذہبی روایات کے مطابق دعاؤں کی پرچی لکھ کر دیوار گریہ میں رکھی۔
کاغذ پر دعا لکھنے کا کیا مقصد ہے؟
رپورٹس کے مطابق یہودی عقائد کے مطابق یہ دعا کی قبولیت کا طریقہ ہے، کاغذ پر دعا لکھ کر دیوار گریہ میں چسپاں ( رکھنے ) سے دعائیں قبول ہوتی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزرا اور حکام پر میڈیا سے گفتگو کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس پر اسرائیلی اور بین الاقوامی صحافیوں نے شکوہ کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ نازک صورتحال میں میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جس کی تصدیق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کی ہے۔
پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کردیا ہے اور اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔