پاکستان
27 مارچ ، 2012

ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت ، حالات کشیدہ،25گاڑیاں نذرآتش

 ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت ، حالات کشیدہ،25گاڑیاں نذرآتش

کراچی… کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے کارکن منصور مختار کی ہلاکت کے بعد نامعلوم افراد نے ایک پولیس موبائل سمیت 25گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعات کے بعد کاروبار ، تعلیمی ادارے، بازار، دفاتر بند اور صورت حال کشید ہ ہے۔پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے سیکٹر ممبر منصور مختار جاں بحق جبکہ ان کے بھائی اور بھابی زخمی ہو گئے۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے گلبہار، شہید ملت روڈ، کورنگی، ملیر، گلستان جوہر، ریڈیو پاکستان، ناظم آباد نمبر 2، عباسی شہید اسپتال اور ناظم آباد انو بھائی پارک سمیت متعدد علاقوں میں25گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔ منظور کالونی اور سرجانی میں فائرنگ کے واقعات میں2افراد ہلاک ہو گئے۔ چیرمین پٹرولیم ڈیلرزکا کہنا ہے کہ شہرکے بیشترپٹرول پمپ بند کردیے گئے اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کراچی ٹرانسپورٹ اتحادنے بھی ٹرانسپورٹ بند کرنیکافیصلہ کیاہے۔ جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آج ہونیوالے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں ۔ ادھر آل پاکستان تاجر اتحادکے مطابق شہرمیں کشیدگی کے باعث دکانیں نہیں کھول رہے۔ مشتعل افراد نے شہر کے مختلف مقامات پر پیٹرول پمپز اور سی این جی اسٹیشن بند کرا دئے ہیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پی آئی بی کالونی میں سیکٹر ممبر کی شہادت کھلی دہشت گردی ہے اور اس سلسلے میں آج پورے سندھ میں یوم سوگ منایا جائے گا۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مسلح دہشت گردوں نے نشتربستی میں ایک ہمدرد محمدیوسف اور غوثیہ کالونی میں ایک ہمدردمحمدامجدکو بھی زخمی کردیا۔

مزید خبریں :