27 مارچ ، 2012
اسلام آباد…کراچی میں ایم کیوایم کے کارکن کی ہلاکت کے بعد متحدہ کے ارکان قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کا بائیکاٹ کردیا اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر دھرنا دیا ہے۔آج پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں امریکاکے ساتھ پاکستا ن تعلقات اورنئی خارجہ پالیسی پر بحث ہونی ہے لیکن متحدہ کے ارکان قومی اسمبلی نے ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کی قیادت میں پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کا بائیکاٹ کردیا اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر دھرنا دیا۔اس سے قبل حیدرعباس رضوی نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مضبوط خارجہ پالیسی کے لئے مضبوط داخلہ پالیسی ہونی چاہیے لیکن کراچی میں ایم کیوایم کے ہمدروں اور کارکنان کو گھروں میں گھس کرقتل کیا جارہاہے۔کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایم کیوایم کے دفترپرفائرنگ کی گئی اورپی آئی بی کالونی میں ایم کیوایم کے رکن منصورمختارپر فائرنگ کی گئی،انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی اور لیاری گینگ وار کے لوگ شہر میں دندناتے پھررہے ہیں،پی آئی بی کے ایس ایچ اور دیگر پولیس افسران لیاری گینگ کے رکن احمد علی کی مرضی سے تعینات کئے جاتے ہیں اور ایسی صورتحال میں امن کیسے قائم ہوسکتا ہے۔