پاکستان
09 دسمبر ، 2013

متحدہ قومی موومنٹ نے مائنس الطاف حسین منصوبے کو مسترد کردیا

متحدہ قومی موومنٹ نے مائنس الطاف حسین منصوبے کو مسترد کردیا

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے مائنس الطاف حسین منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی اور عامر خان کہتے ہیں کہ ایم کیوایم کے رہنماوٴں اور کارکنوں کے سینوں میں دل نہیں بلکہ الطاف حسین کی محبت دھڑکتی ہے۔ جناح گراوٴنڈ کراچی میں یوم شہداء کی تقریب میں بڑی تعداد میں ایم کیو ایم کے رہنماوٴں اورکارکنوں نے شرکت کی۔ یوم شہداء کی تقریب حیدر آباد اور میرپور خاص بھی ہوئی۔ کراچی میں مرکزی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماوٴں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ لوگ الطاف حسین کو اپنے منصوبوں میں بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں اسی لئے مائنس الطاف حسین کی باتیں کی جارہی ہیں۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنویئر ڈاکٹر مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی کو اپنی تخلیق سے بہت محبت ہوتی ہے اور الطاف حسین ایم کیو ایم کے بانی ہیں جنہوں نے ایم کیو ایم کو ایک خاص پہچان دی۔ رہنماوٴں کے خطاب کے بعد شہداء کی یاد میں ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ایم کیو ایم کے رہنماوٴں، کارکنوں اور شہداء کے لواحقین نے جناح گراوٴنڈ میں یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزید خبریں :