دنیا
14 دسمبر ، 2013

عظیم لیڈر نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی

عظیم لیڈر نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی

پریٹوریا…نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے عظیم لیڈر نیلسن مینڈیلا کی مذہبی رسومات کل ان کے آبائی گاوٴں میں ادا کی جائیں گی۔ جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلاکا انتقال 5دسمبر کو ہوا،ان کی وفات کا باقاعدہ اعلان جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کیا۔ نیلسن منڈیلا کی تدفین تک جنوبی افریقہ کا پرچم سرنگوں رہے گا۔نوبل انعام یافتہ نیلسن منڈیلا کی وفات کے بعد دنیا بھر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا اورمختلف مذاہب کی جانب سے عبادات بھی کی گئیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جوہانسبرگ اسٹیڈیم میں نیلسن منڈیلا کی میموریل تقریب میں 90 سے زائد عالمی رہنماوٴں نے شرکت کی اور یہ تقریب پرانے حریفوں کو بھی ملا گئی۔امریکی صدر اوباما نے اپنے پرانے حریف کیوبا کے صدر راہول کاسترو سے ہاتھ ملایا اور خیریت دریافت کی۔تدفین سے قبل نیلسن منڈیلا کے تابوت کو دارالحکومت پریٹوریا کی سرکاری عمارت میں تین دن رکھا گیا تاکہ عام لوگ منڈیلا کا آخری دیدار کرسکیں۔اس دوران ملک بھر سے شہری اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جوق در جوق آتے رہے،لوگوں کی بڑی تعداد کے سبب صرف ایک لاکھ افراد ہی ان کاآخری دیدار کر سکے اور بہت سے لوگ ان کے آخری دیدار سے محروم رہ گئے۔ نسلی تعصب کے خلاف جدوجہد سے تاریخ پر ان مٹ نقوش چھوڑنے والے نیلسن منڈیلا کی تدفین کل ان کے آبائی گاوٴں ”کونو “ میں کی جائیگی ۔

مزید خبریں :