17 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے شعبے سے ساڑھے 8 کروڑ مکعب فٹ گیس ، فوری طور پر صنعتی شعبے کو منتقل کردی جائے، اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یورپی یونین سے ملنے والی جی ایس پی پلس مراعات کا مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے صنعتوں کو گیس کی فراہمی بہتر ہونی چاہیے۔ کمیٹی نے حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر بجلی کے شعبے سے 8 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس صنعتی شعبے کی طرف منتقل کردی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیپرا ان نجی بجلی گھروں کے نرخ 45 دن میں طے کرے گی جنھوں نے حکومت سے 2 سال میں اپنے پلانٹ تیل سے کوئلے پر منتقل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔کمیٹی نے ایئرلائنز کی جانب سے لیز پر لئے گئے جہازوں پر ماہانہ ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہیاس سے قبل ٹیکس کا حساب لیز کے مکمل دورانیہ پر لگایا جاتا تھا۔